



راولپنڈی(سٹی رپورٹر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہریوں کو صحت مند، سرسبز اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر کے بڑے پارک راول پارک کی تزئین و آرائش،صفائی ستھرائی اور پارک سے منسلک نرسری میں پودوں کی بہتر نشوونما کے حوالے سے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ان اقدامات کا مقصد نہ صرف پارک کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں میں شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کو بھی یقینی بنانا ہے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر راول پارک میں باغبانی کے جدید اصولوں کے مطابق مختلف اقسام کے موسمی اور سجاوٹی پودوں کی نگہداشت کا عمل جاری ہے۔ پارک کے داخلی و خارجی راستوں، واکنگ ٹریکس، سبزہ زاروں اور تفریحی مقامات پر رنگ برنگے پھولوں اور آرائشی پودوں کی کاشت سے پارک کا حسن مزید نکھر کر سامنے آ رہا ہے۔پارک میں موجود گھاس کی باقاعدہ کٹائی، درختوں کی تراش خراش، آبپاشی کے مؤثر انتظامات اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پارک میں آنے والے شہریوں کے لیے آرام دہ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر بیٹھنے کی جگہوں اور دیگر سہولیات کی دیکھ بھال بھی جاری ہے،راول پارک سے منسلک نرسری میں پودوں کی نشوونما کے لیے جدید باغبانی تکنیکوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ نرسری میں پھولدار، سایہ دار، پھلدار اور آرائشی پودوں کی مختلف اقسام تیار کی جا رہی ہیں تاکہ شہر میں جاری شجرکاری مہمات اور گرین بیلٹس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ ماہرین باغبانی کی نگرانی میں پودوں کو معیاری کھاد، مناسب آبپاشی اور موسمی ضروریات کے مطابق نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔ نرسری میں مقامی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے پودوں کی افزائش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ یہ پودے شہری علاقوں میں بہتر انداز میں پروان چڑھ سکیں اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف اقسام کے درختوں اور پودوں کی افزائش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے،ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور شہری نمائندوں کو شجرکاری مہمات میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سرسبز پاکستان کے خواب کی تعبیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ راول پارک شہر کے اہم تفریحی اور ماحولیاتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، اس لیے اس کی خوبصورتی اور سرسبزی برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے،





