
راولپنڈی (صنوبر کیانی) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے تھانہ کلر سیداں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں نے اپنے مسائل اور درخواستیں براہ راست پیش کیں۔
کھلی کچہری میں ایس پی صدر ڈویژن، ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آر پی او نے موقع پر پیش کی گئی شکایات پر متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مقررہ ٹائم فریم میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی راولپنڈی ریجن پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کھلی کچہریاں عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
بعد ازاں تھانہ کلر سیداں میں کرائم میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اے ڈی آئی جی، ایس پی صدر ڈویژن، ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ میٹنگ میں جرائم کی صورتحال، زیر تفتیش مقدمات، اشتہاری و عدالتی مفروران اور منشیات و ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آر پی او نے ہدایت کی کہ سنگین مقدمات کی تفتیش میرٹ اور بروقت بنیادوں پر مکمل کی جائے، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم جاری رکھی جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا لازم ہے اور کسی بھی غیر مہذب رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر آر پی او نے تھانہ کلر سیداں کی عمارت، حوالات، فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔





