راولپنڈی(سٹی رپورٹر)
قرآن و سنت سے وابستگی ہی امتِ مسلمہ کی کامیابی کی ضمانت ہے، علامہ سید ریاض حسین شاہ
سرپرستِ اعلیٰ ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان، علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور امتِ مسلمہ کی کامیابی قرآن و سنت سے وابستگی اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کی پیروی میں مضمر ہے۔
ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار محفلِ ذکر و درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی نقابت حافظ شیخ محمد قاسم ڈپٹی ڈائریکٹر نے کی جبکہ سرپرستِ اعلیٰ ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان، علامہ سید ریاض حسین شاہ نے خصوصی خطاب کیا۔اپنے خطاب میں علامہ سید ریاض حسین شاہ نے دینِ اسلام کی سربلندی اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ کے لیے اہلِ بیتِ اطہارؓ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ، امام حسینؓ، حضرت علی اکبرؓ، حضرت قاسمؓ اور حضرت علی اصغرؓ نے دینِ حق کے استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں حق و باطل کے درمیان واضح فرق کی علامت ہیں۔انہوں نے قرآنِ مجید کی آیات کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ دینِ حق کا پیغام ہمیشہ غالب رہے گا اور اللہ تعالیٰ کے فیصلے اٹل ہیں۔ سورۂ حجر کی آیت "فَاصْدَعْ بِمَا تُؤْمَرُ” کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو دین کی دعوت پوری جرأت اور اثر انگیزی کے ساتھ پیش کرنے کا حکم دیا تاکہ باطل کے پردے چاک ہوں اور حق کا نور نمایاں ہو۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ قرآنِ مجید کے پیغام کو سمجھیں، اس پر عمل کریں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی کامیابی قرآن و سنت سے وابستگی اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کی پیروی میں مضمر ہے۔
محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی و استحکام اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





