محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے علماء اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، ایس پی سکیورٹی اصغر گورائیہ

محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے علماء اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، ایس پی سکیورٹی اصغر گورائیہ
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر ایس پی سکیورٹی اصغر گورائیہ نے جامعہ تعلیم القرآن کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے ادارے کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے موقع پر ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ او سٹی اور ایس ایچ او گنجمنڈی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایس پی سکیورٹی نے جامعہ کی انتظامیہ سے ملاقات کے دوران محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے کے فروغ اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اصغر گورائیہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ، اکابرین اور شہریوں کے تعاون سے بھائی چارے اور یگانگت کی مثالی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ضروری سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
جامعہ تعلیم القرآن کی انتظامیہ نے پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔