پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، عوام کو ریلیف ملے گا، تحسین فواد

لاہور (نمائندہ خصوصی) ممبر پنجاب اسمبلی تحسین فواد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے فیصلے کو عوام دوست اور خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے اسے وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی شاندار کامیابی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر ہونا ایک تاریخی اور ریلیف پر مبنی فیصلہ ہے جو براہ راست عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان پیدا ہوگا جو حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ تحسین فواد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے ہمیشہ عوامی ریلیف کو ترجیح دی ہے اور یہ فیصلہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا یہ اقدام معیشت کی بہتری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عام شہری کو ریلیف دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔