
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)حبیب کالونی میں چند روز قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس میں 7 سالہ بچے وصال کے برساتی نالے میں گرنے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔فوٹیج کے مطابق نالے کے کنارے کئی بچے کھیل رہے تھے کہ اسی دوران ایک کم عمر بچے نے مبینہ طور پر وصال کو پیچھے سے دھکا دے دیا۔اچانک دھکا لگنے سے وصال اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور قریب واقع برساتی نالے میں جا گرا۔ نالے میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث بچہ دیکھتے ہی دیکھتے نظروں سے اوجھل ہو گیا۔واقعے کے فوری بعد ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں نے بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم مسلسل کوششوں کے باوجود بچہ بروقت نہ مل سکا۔ تین روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد وصال کی لاش نالہ لئی کے گوالمنڈی کے علاقے سے برآمد ہوئی۔
بچے کی موت کی خبر نے اہلِ خانہ اور علاقے کے مکینوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ شہریوں نے کھلے اور غیر محفوظ نالوں کے اطراف حفاظتی باڑ اور دیگر حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب پولیس اور متعلقہ اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے موسم میں بچوں کو نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب کھیلنے سے گریز کرائیں تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔





