راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ جاتلی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مئی 2024 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا۔
تفصیلات کے مطابق زیر حراست اشتہاری نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا۔ تھانہ جاتلی پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کا جرائم پیشہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور وہ قبل ازیں راولپنڈی اور چکوال میں ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور دیگر مقدمات میں ملوث رہنے کے علاوہ سزا یافتہ بھی ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرموں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار اشتہاری کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مکمل چالان تیار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔





