بلوچستان اسمبلی کے اراکین کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات

بلوچستان میں امن، ترقی، وفاقی تعاون اور عوامی فلاح کے فروغ کے عزم کا اعادہ، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو خطے کے استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا

اسلام آباد(اظہار خان نیازی)بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز، اراکین اسمبلی اور بلوچستان کابینہ کے ارکان پر مشتمل وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام، عوامی خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مؤثر رابطے، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
بلوچستان کے وفد نے صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کی مسلسل معاونت سے بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور استحکام کا عمل مزید مضبوط ہوگا۔
وفد نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب دستخط کو خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو، صوبائی وزیر ماہی گیری و ساحلی ترقی برکت علی رند، صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، قانون و پارلیمانی امور نوابزادہ محمد زرین خان مگسی، صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن محمد خان لہڑی، اراکین صوبائی اسمبلی زرک خان، اشوک کمار، ڈاکٹر ربابہ، ہادیہ نواز اور محمد خان طور نے شرکت کی۔ شرکا نے مختلف عوامی، پارلیمانی اور صوبائی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، جمہوری اقدار کے فروغ اور مؤثر قانون سازی کے عزم کا اعادہ کیا۔