8 کارروائیوں میں 16 ملزمان گرفتار، 330 کلو سے زائد منشیات برآمد








اسلام آباد(آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 مختلف آپریشنز کے دوران 7 خواتین، جن میں 2 تھائی باشندے بھی شامل ہیں، سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 2 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 330.192 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے مرد اور خاتون کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تھائی شہری دو خواتین اور جدہ جانے والے ایک مرد و خاتون سے آئس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی، ملتان، شیخوپورہ اور لاہور میں مختلف کارروائیوں کے دوران آئس، ہیروئن اور چرس کی بڑی کھیپ قبضے میں لے کر متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف نے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





