راولپنڈی میں روزانہ 15 ہزار افراد کے لیے معیاری کھانے تیار کرنے کی صلاحیت رکھنے والا جدید کچن قائم کیا جائے گا
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) اور پاکستان بیت المال (پی بی ایم) کے درمیان راولپنڈی میں جدید مرکزی کچن کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر شاہین خالد بٹ اور ٹیکا کی کنٹری ہیڈ صالحہ تونا نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت راولپنڈی۔اسلام آباد میں بین الاقوامی غذائی معیار کے مطابق ایک جدید اور نیم خودکار مرکزی کچن قائم کیا جائے گا، جو روزانہ 15 ہزار افراد کے لیے معیاری کھانے تیار کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے پر اسے پاکستان بیت المال کے حوالے کر دیا جائے گا تاکہ یتیم بچوں، کم آمدنی والے خاندانوں، اسپتالوں میں مریضوں کے تیمارداروں، مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کو باقاعدگی سے معیاری کھانا فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر شاہین خالد بٹ نے منصوبے کو پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مستحق افراد کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو نے کہا کہ ٹیکا گزشتہ 16 برسوں کے دوران پاکستان میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے مکمل کر چکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون آئندہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔





