دی گئی، سیکرٹری آر ٹی اے
غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، جنرل بس اسٹینڈ میں منتقلی کی پیشکش
زائد کرایہ وصول کرنے اور خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری
گرین بس سروس نے شہریوں کے سفر کو آسان اور جدید بنایا، سید اسد شیرازی
راولپنڈی میں گرین بسوں کے مزید روٹس جلد فعال ہوں گے، سیکرٹری آر ٹی اے
راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر)
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری (آر ٹی اے) سید اسد شیرازی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 12 سے 18 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے اور اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے آر ٹی اے کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید اسد شیرازی نے کہا کہ پاک ایران کشیدگی سے قبل اور موجودہ پٹرول قیمتوں میں تقریباً 30 روپے فی لیٹر کا فرق پیدا ہوا، جس کے پیش نظر ٹرانسپورٹرز کی یونینوں کو طلب کرکے مشاورت کی گئی اور عوامی ریلیف کے لیے اے سی اور ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں 12 فیصد جبکہ نان اے سی گاڑیوں کے کرایوں میں 15 سے 18 فیصد تک کمی کروائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کرایوں میں کمی کے فیصلے پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ آر ٹی اے کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کر رہی ہیں، خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو جرمانے اور بند بھی کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو حکومتی ریلیف کے ثمرات پہنچ سکیں۔
غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ ایسے اڈوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو پیشکش کی ہے کہ وہ غیر قانونی اڈے ختم کرکے سرکاری جنرل بس اسٹینڈ منتقل ہو جائیں، جہاں انہیں مناسب جگہ فراہم کی جائے گی تاکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔سید اسد شیرازی نے گرین بس سروس کو وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک بہترین عوامی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ گرین بسوں نے شہریوں کے سفر کو آسان، محفوظ اور آرام دہ بنایا ہے۔ بسوں میں ایئر کنڈیشننگ، خواتین کے لیے مخصوص جگہ اور وائی فائی جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو جدید سفری تقاضوں کے مطابق ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت راولپنڈی میں تقریباً 40 سے 45 گرین بسیں مختلف روٹس پر چل رہی ہیں جبکہ مجموعی طور پر تعداد 60 کے قریب ہے۔ راولپنڈی کے 10 روٹس میں سے 4 پر سروس فعال ہے جبکہ باقی 6 روٹس پر بھی جلد گرین بسیں چلائی جائیں گی۔
سیکرٹری آر ٹی اے نے واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے، فٹنس کے معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور سستی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





