فتح جنگ (وسیم علی) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات اور ڈی پی او اٹک کی خصوصی ہدایت پر فتح جنگ میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔
ٹریفک انچارج اصغر محمود کی نگرانی میں شہر کے مختلف چوکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے، غلط پارکنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کے چالان کیے گئے۔
ٹریفک انچارج فتح جنگ اصغر محمود نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔





