اسلام آباد چیمبر میں سی ٹی او اسلام آباد کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد

دارالحکومت کو ٹریفک کے حوالے سے مثالی شہر بنانے کا عزم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد محترمہ کائنات اظہر خان نے منگل کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ ایک جامع، تعمیری اور باہمی تبادلہ خیال پر مبنی اجلاس میں شرکت کی، جس میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل، پارکنگ کی سہولیات، تجاوزات اور ٹریفک کے بہتر نظم و نسق سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اور تاجر برادری ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں اور وہ مقصد اسلام آباد کو ٹریفک نظم و ضبط، شہری سہولت اور بہتر نقل و حرکت کے حوالے سے ایک مثالی شہر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب ایک خاندان ہیں اور باہمی تعاون، ہم آہنگی اور مشاورت کے ذریعے ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق تمام مسائل کو حل کریں گے۔‘‘

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے دفتر کے دروازے تاجروں اور شہریوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور وہ ذاتی طور پر بھی ٹریفک سے متعلق شکایات، تجاویز اور مسائل کے حل کے لیے دستیاب ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز کا دورہ کریں گی اور متعلقہ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے ملاقاتیں کرکے زمینی حقائق کا جائزہ لیں گی تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مؤثر اور دیرپا حل تلاش کیے جا سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی کاروباری سرگرمیوں اور شہری زندگی کو درپیش ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے ٹریفک حکام اور تاجر تنظیموں کے درمیان مضبوط رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، رش میں کمی لائی جا سکتی ہے اور نظم و ضبط اور قوانین کی پاسداری کے کلچر کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر دارالحکومت کو ٹریفک مینجمنٹ اور شہری نظم و نسق کے حوالے سے ایک مثالی شہر بنانے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے  فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے تاجروں کو درپیش ٹریفک مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم تجارتی مرکز میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولت پیدا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اجلاس کے دوران آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران، مختلف ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے صدور اور نمائندگان نے اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں ٹریفک کی رکاوٹوں، پارکنگ کی کمی، تجاوزات اور دیگر شعبہ جاتی مسائل سے سی ٹی او کو آگاہ کیا۔ شرکاء نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مثبت اور عملی انداز کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسلسل مشاورت اور رابطوں کے نتیجے میں ان دیرینہ مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے گا۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے محترمہ کائنات اظہر خان کا چیمبر آمد پر شکریہ ادا کیا اور تاجر برادری کے ساتھ براہِ راست رابطے اور تعاون کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مختلف تجارتی مراکز کے مجوزہ دورے کاروباری طبقے کو درپیش ٹریفک مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کی راہ ہموار کریں گے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر اسلام آباد پولیس محترمہ عائشہ جمیل، آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو ممبر محترمہ فاطمہ عظیم، روہیل انور بٹ، عمر خیام عباسی، ذوالقرنین عباسی، ملک محسن خالد، وسیم چوہدری، راجہ نوید ستی، اسحاق سیال اور ملک نجیب، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور ملک نوید، آئی سی سی آئی کے سینئر ممبران ندیم منصور، اسرار مشوانی، راجہ مجید اور محترمہ نگینہ خلیق کے علاوہ ممتاز تجارتی رہنما وحید چیمہ، وسیم عباسی، راجہ ذوالفقار، راجہ زاہد دانیال اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔