23 اشتہاری بھی قانون کی گرفت میں، منشیات، شراب اور اسلحہ برآمد، متعدد مقدمات درج
اسلام آباد(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کا مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 23 اشتہاری مجرمان سمیت 36 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے منشیات، شراب، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ آبپارہ، کوہسار، ترنول، انڈسٹریل ایریا، شمس کالونی، کورال، کرپا، ہمک، لوہی بھیر اور بنی گالہ پولیس نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 127 گرام چرس، 210 گرام ہیروئن، 140 گرام آئس، 35 بوتلیں شراب، ایک کلاشنکوف، ایک بندوق، مختلف بور کے پانچ پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران مزید 23 اشتہاریوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی سکیورٹی آپریشنز اسلام آباد سلیمان ظفر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی جرائم پیشہ عنصر کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا پولیس کی ہنگامی مدد کی خدمت "پکار 15” پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے وفاقی دارالحکومت کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔





