جامع بحالی خدمات کا معائنہ، سنٹر کو ملک کا مثالی بحالی ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
پشاور(بیورو رپورٹ)
خیبرپختونخوا کے سابق چیف سیکرٹری اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز، پیراپلیجک سنٹر پشاور ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے معزز بورڈ اراکین کے ہمراہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ سے متاثرہ مریضوں کی بحالی کیلئے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ری ہیبلیٹیشن ڈاکٹر امیر زیب نے انہیں سنٹر کی خدمات، کارکردگی اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں سیرحاصل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ، پولیو اور دیگر جسمانی معذوریوں کے شکار افراد کو جامع جسمانی، نفسیاتی اور سماجی بحالی کی معیاری خدمات ایک ہی چھت تلے بلا معاوضہ فراہم کرنے والا ملک کا منفرد ادارہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹر میں طبی بحالی، فزیوتھراپی، آکوپیشنل تھراپی، سپیچ تھراپی، نرسنگ کیئر، آرتھوٹکس، وہیل چیئر سروسز، نفسیاتی و سماجی بحالی اور پیشہ ورانہ بحالی سمیت تمام ضروری سہولیات سو فیصد مفت فراہم کی جاتی ہیں تاکہ مریض صرف وہیل چیئر یا بستر کے قیدی رہنے کی بجائے دوبارہ باوقار، خودمختار اور فعال زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
وفد نے مختلف وارڈز، بحالی یونٹس اور معاون خدمات کے شعبوں کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ چیئرمین اور بورڈ اراکین نے ادارے میں پیشہ ورانہ مہارت، مریض دوست ماحول اور جامع بحالی خدمات کو سراہتے ہوئے اظہارِ اطمینان کیا۔
ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کیلئے ایک قابلِ فخر بحالی ادارہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بورڈ آف گورنرز ادارے کی استعداد کار میں اضافے، خدمات کے مزید فروغ اور اسے قومی سطح پر ایک مثالی بحالی مرکز بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر ری ہیب ڈاکٹر امیر زیب نے چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کے معزز اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ادارہ معیاری، باوقار اور مریض دوست بحالی خدمات کی فراہمی کا مشن پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گا تاکہ جسمانی معذوری کا شکار ہر فرد دوبارہ خوداعتماد، خودمختار اور باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنے۔
—————





