قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا کے۔فور منصوبے کی فنڈنگ پر اظہارِ تشویش

لیاری فریٹ کوریڈور کی لاگت کا ازسرنو جائزہ لینے اور کیریک منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کے۔فور واٹر سپلائی منصوبے کے لیے ناکافی فنڈز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارتِ آبی وسائل سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کر لی گئی۔
کمیٹی نے لیاری ایلیویٹڈ فریٹ کوریڈور منصوبے کی لاگت کا ازسرنو جائزہ لینے اور قومی مفاد میں کم لاگت مالیاتی ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیریک منصوبے کے تیسرے مرحلے پر کام دوبارہ شروع ہو چکا ہے اور اسے دسمبر 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔
وزارتِ اقتصادی امور نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، تاہم جنگ بندی کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے، اگرچہ علاقائی غیر یقینی صورتحال بدستور معیشت کے لیے چیلنج ہے۔