قائمہ کمیٹی برائے بحری امور نے بندرگاہوں سے متعلق چار اہم بل منظور کر لیےذیلی سرخی:کراچی پورٹ ٹرسٹ کی پارکنگ کے لیے مزید اراضی مختص کرنے، ٹریفک مسائل کے حل اور ذیلی کمیٹی قائم کرنے کی سفارش

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کا اجلاس چیئرمین عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، گوادر پورٹ اتھارٹی اور پورٹ قاسم اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی مجوزہ پارکنگ کے لیے 300 ایکڑ اراضی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر مزید ملحقہ اراضی مختص کرنے کی سفارش کی، جبکہ کراچی پورٹ کے اطراف ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اقدامات اور آئندہ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے بریفنگ طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (ترمیمی) بل 2025 پر غور کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کی گئی، جبکہ گوادر پورٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2025، پورٹ قاسم اتھارٹی (ترمیمی) بل 2025، کیریج شپنگ ڈاکومنٹس بل 2026 اور کیریج آف گڈز بائے سی بل 2026 معمولی ترامیم کے ساتھ منظور کرنے کی سفارش کی گئی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت کی کوششوں سے پاکستان کی بندرگاہوں کی بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس پر کمیٹی نے وزارت، پورٹ اتھارٹیز، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔