اٹک (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن و امان، عوامی خدمات، انتظامی امور اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اٹک انیل سعید، اسسٹنٹ کمشنراٹک، ضلعی افسران، پولیس، سی ٹی ڈی، سول ڈیفنس، آئیسکو، سوشل ویلفیئر، محکمہ اطلاعات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے گزشتہ ماہ کی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026 کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 7,735 چالان کیے گئے جبکہ 9 کروڑ 75 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ غیر قانونی پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 38 پٹرول پمپ سیل کیے گئے اور 4 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل پی جی کی غیر قانونی ڈیکینٹنگ کے خلاف کارروائی میں 40 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 58 پوائنٹس سیل کیے گئے اور 1 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ انسداد تجاوزات مہم کے دوران 22 مستقل اور 974 عارضی تجاوزات ختم کی گئیں جبکہ 1 لاکھ 97 ہزار 500 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران 20 غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے، 15 مقدمات درج ہوئے، 13 افراد گرفتار کیے گئے اور جرمانوں کی مد میں 10 لاکھ 2 ہزار 25 روپے وصول کیے گئے۔امن و امان کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے دوران 16,885 مشتبہ گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی، 11 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے۔اجلاس کو بھکاریوں کے خلاف جاری مہم، اوورسیز پاکستانی ڈیسک، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی، مدارس کی رجسٹریشن اور جیو ٹیگنگ، نیز عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 502 مدارس موجود ہیں، جن میں سے 201 رجسٹرڈ جبکہ 301 غیر رجسٹرڈ ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک انیل سعیدنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں، عوامی خدمت کے معیار کو بہتر کریں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے عوام کو محفوظ، پرامن اور بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔





