جعلی جنوبی افریقی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کی کارروائی، مسافر انسانی اسمگلروں سے روابط کے شبہے میں اے ایچ ٹی سی کے حوالے

اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی)ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ نے جعلی جنوبی افریقی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق 8 جولائی 2026 کو سلام ایئر کی پرواز OV-564 کے ذریعے ورک ویزے پر قطر جانے والے مسافر کو سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران روکا گیا۔ دستاویزات کی جانچ کے دوران پاسپورٹ پر لگایا گیا جنوبی افریقا کا ویزا جعلی نکلا، جس پر غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلروں سے روابط کا شبہ ظاہر کیا گیا۔
ایف آئی اے نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا، جبکہ متعلقہ امیگریشن اہلکاروں کے ممکنہ کردار کے تعین کے لیے بھی انکوائری شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔