آبادی میں تیزی سے اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی ناگزیر، اسپیکر قومی اسمبلی

نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا ملکی ترقی کی ضمانت ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافے سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی، مؤثر پالیسیوں، عوامی آگاہی اور تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، صحت، ہنر مندی اور باعزت روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر نے کہا کہ اس دن کا مقصد آبادی سے متعلق مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اس سال کے موضوع "نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل کے لیے حقیقت کا روپ دینا” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے اضافہ محدود وسائل، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات پر دباؤ بڑھا رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے دور رس حکمت عملی اور وسائل کے مؤثر استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، میڈیا، علماء کرام اور ماہرین پر زور دیا کہ وہ آبادی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوامی فلاح، سماجی ترقی اور پائیدار مستقبل کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے پرعزم ہے اور اجتماعی کاوشوں سے معاشی استحکام اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ متوازن آبادی معاشی استحکام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے انہیں قومی ترقی کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ آبادی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مربوط اور طویل المدتی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔