ایف آئی اے دستاویزات کے مطابق مشکوک ٹریول پلان، سٹاپ لسٹ، جعلی کاغذات، غلط سفری روٹ، کم عمری اور دیگر وجوہات پر کارروائیاں، وزٹ ویزے پر ملازمت کی غرض سے جانے والے 24 افراد بھی آف لوڈ
اسلام آباد(اظہار خان نیازی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی دستاویزات کے مطابق ملک کے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے 39 ہزار 786 شہریوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ 20 ہزار 408 افراد کو مطلوبہ سفری اور قانونی دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سفر سے روک دیا گیا۔
ایف آئی اے ریکارڈ کے مطابق 12 ہزار 673 مسافروں کو لو پروفائل اور مشکوک سفری منصوبہ ہونے کی بنا پر آف لوڈ کیا گیا، جبکہ 3 ہزار 450 افراد کو سٹاپ لسٹ میں شامل ہونے کے باعث بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق غلط سفری روٹ اختیار کرنے پر 505 افراد کو آف لوڈ کیا گیا، جبکہ 281 مسافروں کو جعلی یا مشکوک دستاویزات رکھنے پر سفر سے روک دیا گیا۔ اسی طرح غیر تسلی بخش سفری تاریخ کی بنیاد پر 176 افراد کو آف لوڈ کیا گیا، جبکہ 145 افراد کو سفری دستاویزات کی مزید تصدیق کے لیے روکا گیا۔
ایف آئی اے دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 258 افراد کو کم عمری کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا، جبکہ 24 ایسے افراد بھی سفر سے روک دیے گئے جو وزٹ ویزے پر بیرونِ ملک ملازمت کی غرض سے جا رہے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک سفر کی روک تھام کے لیے امیگریشن نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔





