سرگودھا: 6 سالہ بچی کے اغوا اور مبینہ زیادتی میں ملوث ملزم گرفتار، بچی بحفاظت بازیاب

پولیس کا بروقت آپریشن، میڈیکل رپورٹ میں مبینہ زیادتی کی تصدیق، گرفتار ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا ماموں نکلا

سرگودھا(بیورو رپورٹ) سرگودھا پولیس نے چھ سالہ بچی کے اغوا، مبینہ زیادتی اور اسے قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ متاثرہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرا کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق چک 72 جنوبی کے رہائشی اسد علی نے گزشتہ روز تھانہ بھاگٹالوالہ میں اپنی چھ سالہ بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ اہل خانہ نے شبہ ظاہر کیا کہ بچی کے لاپتا ہونے کے بعد سے گھر کا رشتہ دار، 48 سالہ تصور، بھی غائب تھا۔
پولیس نے موبائل فون کی لوکیشن اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے بھاگٹالوالہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بچی کو گھر سے اغوا کیا، اسے نامعلوم مقام پر رکھا اور مبینہ طور پر رات بھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ثبوت مٹانے کی غرض سے بچی کو قتل کرنے کے ارادے سے اسے چک 72 جنوبی سے نارووال منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور بس اسٹاپ پر موجود تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا اور بچی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
متاثرہ بچی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بھاگٹالوالہ منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد میڈیکل رپورٹ میں مبینہ زیادتی کی تصدیق ہوئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف نے کہا کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ اور حقائق کی بنیاد پر جلد مکمل کی جائے گی اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔