اسلام آباد پولیس میں ڈالفن فورس ختم، "کیپٹل پٹرولز یونٹ” قائم

نئے یونٹ کے لیے 40 الیکٹرک گاڑیاں مختص، بڑے پیمانے پر افسران و اہلکاروں کے تبادلے

اسلام آباد (اظہار خان نیازی)اسلام آباد پولیس نے ڈالفن فورس کو ختم کرتے ہوئے اس کی جگہ "کیپٹل پٹرولز یونٹ” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے یونٹ کو شہر میں مؤثر گشت اور فوری پولیس رسپانس کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق کیپٹل پٹرولز یونٹ کے لیے 40 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جنہیں جلد آپریشنل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور ماحول دوست پولیسنگ کی سہولت میسر آ سکے۔
نئے یونٹ کے قیام کے ساتھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔ 32 سب انسپکٹرز، 36 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) اور 32 ہیڈ کانسٹیبلز کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ سابق ڈالفن فورس کے اہلکار بھی نئے کیپٹل پٹرولز یونٹ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دارالحکومت میں گشت کے نظام کو مزید مؤثر، منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔