جاپان کا چکوال میں خواتین کے پیشہ ورانہ تربیتی ادارے کے قیام کے لیے گرانٹ دینے کا فیصلہ

گاؤں دولمیال میں ادارہ قائم کیا جائے گا، سالانہ 240 خواتین کو سلائی، ڈریس میکنگ اور فیشن ڈیزائن کی تربیت دی جائے گی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت جاپان نے گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے تحت ضلع چکوال میں خواتین کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی ادارہ قائم کرنے کے منصوبے کے لیے موئن فاؤنڈیشن کو 53 ہزار 419 امریکی ڈالر، جو تقریباً ایک کروڑ 48 لاکھ روپے کے برابر ہیں، کی گرانٹ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرانٹ معاہدے پر 27 اگست 2026 کو جاپان کے سفیر برائے پاکستان اکاماتسو شوئیچی اور اسلام آباد میں جاپانی سفارتخانے میں موئن فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔

منصوبے کے تحت چکوال کے گاؤں دولمیال میں خواتین کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی ادارہ تعمیر کیا جائے گا۔ یہ سہولت مقامی کمیونٹی کی جانب سے عطیہ کی گئی زمین پر قائم کی جائے گی، جہاں گرد و نواح کی خواتین کو سلائی، ڈریس میکنگ اور فیشن ڈیزائن کے باقاعدہ تربیتی کورسز کرائے جائیں گے۔

جاپانی سفارتخانے کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقوں میں معاشی اور ماحولیاتی مشکلات کے باعث روزگار کے مواقع محدود ہیں، جبکہ خواتین کے لیے عملی ہنر سیکھنے اور مستقل آمدنی حاصل کرنے کے مواقع مزید کم ہیں۔ منصوبے کا مقصد خواتین کو پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور محفوظ ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت سالانہ تقریباً 240 خواتین کو معیاری پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین اپنے ہنر کو روزگار یا گھریلو سطح پر آمدنی کے ذرائع میں تبدیل کرکے اپنے خاندانوں کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کرسکیں گی۔

اس موقع پر جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے امید ظاہر کی کہ نیا پیشہ ورانہ تربیتی ادارہ آئندہ کئی برسوں تک علاقے کی خواتین اور خاندانوں کی خدمت کرے گا۔ انہوں نے منصوبے کے لیے زمین عطیہ کرنے پر مقامی کمیونٹی کے تعاون کو بھی سراہا۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کے تحت مقامی کمیونٹی کی دیرینہ خواہش کو مستقل تربیتی سہولت کی صورت میں حقیقت بنانے میں معاونت پر خوش ہے۔

موئن فاؤنڈیشن طویل عرصے سے پاکستان بھر کی پسماندہ اور کمزور کمیونٹیز کے لیے مختلف فلاحی اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام چلا رہی ہے، جبکہ وقت کے ساتھ اس کے تربیتی پروگراموں کی رسائی اور اثرات میں اضافہ ہوا ہے۔

جاپانی حکومت کے مطابق پاکستان کے دیرینہ دوست کی حیثیت سے جاپان گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے ذریعے مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر نچلی سطح پر انسانی تحفظ اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

جاپانی سفارتخانے نے امید ظاہر کی کہ چکوال میں خواتین کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی ادارے کا قیام پاکستان اور جاپان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوستی کی ایک اور علامت ثابت ہوگا۔