ورک ویزے کے نام پر 32 لاکھ روپے فراڈ، ملزم گرفتار

 

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کی کارروائی، 7 افراد کو ویزے دلانے کے بہانے رقم وصول کرنے کا الزام

راولپنڈی (رپورٹ:اظہار خان نیازی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے ورک ویزہ فراڈ کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر رضا نعیم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 208/2026 درج کر رکھا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے سات جاننے والوں کو ورک ویزے فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم نہ تو وعدے کے مطابق ویزے فراہم کیے گئے اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو صبح ساڑھے 6 بجے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ کارروائی انسپکٹر امل ہاشم اور سب انسپکٹر عمر پر مشتمل ریڈ ٹیم نے انجام دی۔

گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ایف آئی اے حکام کے مطابق ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔