سردار ایاز صادق کا 24 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (اظہار خان نیازی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والی سیکیورٹی فورسز کی جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیاں فورسز کے عزم، صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح مظہر ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیابی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز نے ہر مشکل گھڑی میں جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔





