آئیسکو کی ڈھوک کالا خان میں کھلی کچہری، بجلی صارفین کے متعدد مسائل موقع پر حل

سپرنٹنڈنگ انجینئر محسن علی میمن کی صدارت، شہریوں کی شکایات سن کر فوری احکامات جاری، جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (نیوز رپورٹر)
وفاقی وزیرِ توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایات اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری خالد محمود کے وژن کے مطابق بجلی صارفین کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ڈھوک کالا خان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کی صدارت سپرنٹنڈنگ انجینئر آئیسکو سٹی سرکل راولپنڈی محسن علی میمن نے کی، جبکہ ڈپٹی کمرشل منیجر سٹی سرکل فیصل قدیر اور ایکسین سیٹلائٹ ٹاؤن سید غلام بلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کھلی کچہری میں علاقے کے معززین، شہریوں اور بجلی صارفین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بجلی کے بلوں، ٹرانسفارمرز، کیبلز، کم وولٹیج اور دیگر تکنیکی و انتظامی امور سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر محسن علی میمن نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا، جبکہ دیگر درخواستوں کی ضروری منظوری بھی دی۔
اس موقع پر ایس ڈی او ڈھوک کالا خان سید اقبال شاہ کو ہدایت کی گئی کہ تمام جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے اور صارفین کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے۔ شہریوں اور اہل علاقہ نے آئیسکو انتظامیہ کی فوری کارروائی اور عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔