کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کا آر ڈی اے کے زیر تعمیر کمرشل منصوبے کا دورہ، کام کی رفتار تیز اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت

کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کا آر ڈی اے کے زیر تعمیر کمرشل منصوبے کا دورہ، کام کی رفتار تیز اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سلمان غنی نے آر ڈی اے کے زیر تعمیر کثیر المنزلہ کمرشل بلڈنگ منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ منصوبے پر تعمیراتی کام مزید تیز کیا جائے تاکہ اسے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار، شفافیت اور حفاظتی تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور تمام مراحل میں قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مون سون کے موسم کے پیش نظر تعمیراتی مقام پر خصوصی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں،انجینئرز اور دیگر عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ تعمیراتی سامان اور ڈھانچے کو بھی ممکنہ موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔کمشنر راولپنڈی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کثیر المنزلہ کمرشل بلڈنگ کی بروقت تکمیل سے آر ڈی اے کے ادارہ جاتی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوطی ملے گی،ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی مسلسل نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔