پولیس میں 1700 سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا عمل شفاف انداز میں جاری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) پولیس میں 1700 سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا عمل شفاف انداز میں جاری۔نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام بھرتی کا عمل خوش اسلوبی سے جاری رکھتے ہوئے ملک بھر کے مختلف ٹیسٹ سنٹرز پر امیدواروں کے جسمانی اور رننگ ٹیسٹ کا انعقادکیا گیا۔آئی جی اسلام آباد کی خصوصی ہدایات پر سینئر پولیس افسران خود ٹیسٹ سنٹرز میں موجود۔میرٹ، شفافیت اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق بھرتی کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔اسلام آباد پولیس میں صرف اہل، باصلاحیت اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس میں 1700 سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق جاری ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام ملک بھر میں قائم مختلف ٹیسٹ سنٹرز پر امیدواروں کے جسمانی اور رننگ ٹیسٹ منظم انداز میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔امیدواروں کی جسمانی استعداد، دوڑ اور دیگر مقررہ معیار کے مطابق جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ بھرتی کے ہر مرحلے کو مکمل شفافیت، میرٹ اور یکساں معیار کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بھرتی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہر امیدوار کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور بھرتی کے تمام مراحل کو مکمل شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں صرف اہل، باصلاحیت، جسمانی طور پر فٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اور ایف نائن ٹیسٹ سنٹر کا دورہ کیا، جبکہ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے بھی مختلف ٹیسٹ سنٹرز کا دورہ کر کے بھرتی کے عمل، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے ہر مرحلے میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اسی طرح اسلام آباد پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی ملک کے مختلف شہروں میں قائم ٹیسٹ سنٹرز پر خود موجود رہے اور جسمانی و رننگ ٹیسٹ، سکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا مسلسل جائزہ لیتے رہے تاکہ بھرتی کا عمل بلا تعطل، منظم اور شفاف انداز میں جاری رہے۔ٹیسٹ سنٹرز پر امیدواروں کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے سایہ دار ٹینٹس، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، انتظار گاہوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، جبکہ سکیورٹی اور نظم و ضبط کے مؤثر انتظامات بھی کیے گئے تاکہ امیدواروں کو خوشگوار اور سہولت بخش ماحول میسر آسکے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی کا پورا عمل مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی سفارش، دباؤ یا غیر قانونی مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس میں بہترین انسانی وسائل کی شمولیت کے ذریعے ایک مزید پیشہ ور، مؤثر اور عوام دوست پولیس فورس کی تشکیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔