ایف آئی اے کا باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں چھاپہ، ڈاکٹرز ہاسٹلز کے لیے مبینہ غیر قانونی گیس پائپ لائن نیٹ ورک کا انکشاف

ایس این جی پی ایل کے مقامی انچارج کا بیان ریکارڈ، باقاعدہ انکوائری شروع، ملوث اہلکاروں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی

پشاور (خالد خان) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پشاور زون کے کمپوزٹ سرکل مردان نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹرز ہاسٹلز کے لیے مبینہ غیر قانونی گیس پائپ لائن نیٹ ورک کا انکشاف کیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران موقع پر موجود سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) صوابی کے انچارج کا بیان قلم بند کیا گیا، جنہوں نے مبینہ غیر قانونی اقدامات سے لاعلمی اور لاتعلقی کا اظہار کیا۔
ایف آئی اے نے معاملے پر باقاعدہ انکوائری درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ممکنہ طور پر ملوث اہلکاروں اور دیگر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق دستیاب شواہد کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔