داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)ڈی پی او میانوالی اور ڈپٹی کمشنر میانوالی کی زیرِ صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تحصیل و سرکل عیسیٰ خیل کے امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)ڈی پی او میانوالی اور ڈپٹی کمشنر میانوالی کی زیرِ صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تحصیل و سرکل عیسیٰ خیل کے امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی وقار عظیم کھرل اور ڈپٹی کمشنر میانوالی شاہد عباس کاٹھیا کی زیرِ صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے حوالے سے سالٹ ریسٹ ہاؤس کالاباغ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ڈی پی او عیسیٰ خیل، اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل، تحصیل و سرکل عیسیٰ خیل کے امن کمیٹی ممبران، منتظمین مجالس، لائسنس دارانِ جلوس اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ تمام جلوسوں اور مجالس پر پولیس کی بائی نیم ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، جبکہ اہلِ تشیع رضاکار پولیس کے شانہ بشانہ صرف باڈی سرچنگ کے فرائض انجام دیں گے تاکہ سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کے فروغ کے لیے کسی بھی فرقے کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر یا تنقیدی بیانات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ایسے مقررین، ذاکرین یا علماء جو فورتھ شیڈول میں شامل ہیں، جن کے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد ہے یا جن کی زبان بندی کی جا چکی ہے، انہیں کسی بھی پروگرام میں مدعو نہ کیا جائے۔ڈی پی او میانوالی نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی یا فرقہ واریت پر مبنی مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف پہلے بھی کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور آئندہ بھی بلا امتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر میانوالی شاہد عباس کاٹھیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، مناسب لائٹنگ، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات روایات کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے منتظمین مجالس سے اپیل کی کہ امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، جبکہ امن کمیٹی کے ممبران سے توقع ظاہر کی کہ وہ تمام بڑے جلوسوں میں شریک ہو کر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور قیامِ امن کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
اجلاس میں موجود امن کمیٹی ممبران، منتظمین مجالس اور لائسنس دارانِ جلوس نے ضلعی انتظامیہ اور میانوالی پولیس کو یقین دلایا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور سیکیورٹی انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او میانوالی اور ڈپٹی کمشنر میانوالی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی تعاون، اتحاد اور ذمہ دارانہ کردار کو پرامن ماحول کے قیام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔