چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان، جنوبی کوریا کے درمیان بائیوٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

جنوبی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات، مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے جمہوریہ کوریا کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کے او اے بائیو (KOA-Bio) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر چو کر رہے تھے۔ وفد میں کے او اے کارپوریشن، اسکیل اسنائپر اور بائیوٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صحت اور جدید طبی ٹیکنالوجیز سے وابستہ جنوبی کوریا کی ممتاز کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور بائیوٹیکنالوجی، صحت، مصنوعی ذہانت، فارماسیوٹیکل، جدید مینوفیکچرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں تحقیق، جدت اور سرمایہ کاری کے لیے موجود سازگار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے جنوبی کوریا کی کمپنیوں کو مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، طبی آلات کی تیاری، ادویہ سازی، مصنوعی ذہانت پر مبنی طبی تحقیق اور ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا سنگل ونڈو نظام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مؤثر اور تیز رفتار سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان۔جنوبی کوریا پارلیمانی دوستی گروپ اور دونوں ممالک کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنا کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے وفد نے پرتپاک استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سائنسی استعداد، تحقیقی صلاحیتوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کو سراہا۔ وفد نے بائیوٹیکنالوجی، صحت، مصنوعی ذہانت، تحقیق اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اور مؤثر تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا۔