کاروباری برادری کو محفوظ ماحول اور مکمل تعاون کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، محسن نقوی

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں و صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات، جلد پشاور اور کوئٹہ کے دورے کا اعلان، سیکیورٹی اور کاروباری مسائل کے مستقل حل کی یقین دہانی

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں صوبوں کی تمام چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفد نے وزیر داخلہ کو اپنے صوبوں کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں کو درپیش مشکلات اور تاجروں کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے وفد کو ملک، بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور حکومت کی جانب سے امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ ملکی معیشت کے استحکام میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی ترقی ہی درحقیقت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ وہ جلد پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کا مستقل، مؤثر اور عملی حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ پوری حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔