مری (راجہ عثمان)ڈی ایس پی ٹریفک مری کی ہدایات پر انسپکٹر حسنین اور ان کی ٹیم نے لوئر بازار مری میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی و موٹرسائیکل چلانے، آلٹر سلنسر اور غیرقانونی پریشر ہارن استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔اس موقع پر متعدد موٹرسائیکلوں سے غیرقانونی پریشر ہارن موقع پر ہی اتار کر تلف کروا دیے گئے تاکہ دوبارہ ان کا استعمال نہ کیا جا سکے۔ انسپکٹر حسنین نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، گاڑیوں پر نمبر پلیٹ آویزاں رکھیں اور غیرقانونی آلٹر سلنسر و پریشر ہارن کے استعمال سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔





