وفاقی دارالحکومت میں ورکنگ ویمن ہاسٹلز کے قیام کو ترجیح دی جائے، خصوصی کمیٹی کی سفارش

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمنگ نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وزیراعظم ویمن ایمپاورمنٹ پیکیج کے تحت اسلام آباد میں ورکنگ ویمن ہاسٹلز کا قیام ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کو محفوظ، باوقار اور کم لاگت رہائش کی سہولت میسر آ سکے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے حکام نے ورکنگ ویمن ہاسٹلز، ڈے کیئر مراکز اور دیگر فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بڑھتی ہوئی طلب، پرانے انفراسٹرکچر، مالی وسائل اور عملے کی کمی جیسے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

کمیٹی نے تمام ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ڈے کیئر مراکز کی جدید خطوط پر بحالی، ڈیجیٹلائزیشن، سکیورٹی اور سہولتوں میں بہتری، خالی آسامیوں کو پُر کرنے اور مؤثر شکایات ازالہ نظام قائم کرنے کی سفارش کی۔ بعد ازاں کمیٹی نے فاطمہ جناح ورکنگ ویمن ہاسٹل اور ڈے کیئر سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی۔