محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس، مختلف کیٹیگریز میں 78 افراد کیلئے سول ایوارڈز منظور
اسلام آباد(اظہار خان نیازی)وطن عزیز کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف کیٹیگریز میں 78 افراد کیلئے سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی قومی ذمہ داری ہے، وطن عزیز شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا احسان مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔





