رخشندہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن، Cheezious Pakistan اور سی ڈی اے کے اشتراک سے "کلائمیٹ ایکشن واک” کا انعقاد

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)

رخشندہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن، Cheezious Pakistan اور سی ڈی اے کے اشتراک سے "کلائمیٹ ایکشن واک” کا انعقاد

موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات، ماحول کے تحفظ اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے مقصد سے رخشندہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن نے Cheezious Pakistan اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبۂ ماحولیات کے تعاون سے اسلام آباد میں "کلائمیٹ ایکشن واک” کا انعقاد کیا۔

اس واک کا مقصد عوام، بالخصوص نوجوانوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، صفائی اور ذمہ دار شہری ہونے کے شعور کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں رخشندہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بانی تحریم ذکی، سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عرفان عظیم خان نیازی اور Cheezious Pakistan کی نمائندہ ٹیم نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک ایسا عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت، نجی اداروں، سماجی تنظیموں اور رضاکاروں کو ایک متحد محاذ پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحول کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے عوامی آگاہی، نوجوانوں کی شمولیت اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

رخشندہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بانی تحریم ذکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف ماحول کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ ذمہ دار اور بااختیار معاشرے کی تشکیل بھی ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی ماحولیات اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عرفان عظیم خان نیازی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے درخت لگانے، صفائی برقرار رکھنے اور ماحول دوست عادات اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک صاف اور سرسبز پاکستان ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر Cheezious Pakistan کی نمائندہ ٹیم نے کہا کہ Cheezious Pakistan اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، رضاکارانہ سرگرمیوں کے فروغ، ماحولیاتی آگاہی اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے طویل المدتی اور پائیدار اقدامات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ "Azadi Cheez Hai Aesi” مہم کے ذریعے برانڈ نوجوانوں کو مثبت سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے، رضاکارانہ خدمات کو فروغ دینے اور ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔

Cheezious Pakistan نے اس تقریب میں فوڈ اسپانسر کے طور پر تعاون فراہم کیا، جبکہ اس واک نے یہ پیغام دیا کہ حکومت، نجی شعبہ، سماجی تنظیمیں اور رضاکار اگر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کریں تو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف آگاہی پھیلانے، شجرکاری، صفائی اور ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، سرسبز اور پائیدار پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔