اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

8 کارروائیوں میں خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 160.96 کلوگرام منشیات برآمد

اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 160.96 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی، ترجمان اے این ایف کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور پر کالج کے قریب کارروائی کے دوران خاتون کے قبضے سے ایک کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزمہ نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 460 گرام وزنی ہیروئن سے بھرے 69 کیپسول برآمد کرلئے گئے، نادرن بائی پاس کراچی میں ریسٹورنٹ کے قریب ٹرک سے 60 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی پر لادے گئے صوفے سے 24 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا، سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی، اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے ایک کلو 800 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، چمن موڑ ایم ون انٹرچینج کے قریب ٹرک سے 60 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ کوئٹہ کینٹ کوریئر آفس میں پارسل سے اخروٹوں میں چھپائی گئی ایک کلو 500 گرام چرس بھی برآمد کرلی گئی، ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔