اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
عوام پاکستان کے مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حافظ عثمان عباسی نے "قومی اقلیتی دن” کے موقع پر کہا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتی برادریاں ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ ان کی جان و مال، عزت و آبرو، عبادت گاہوں اور مذہبی آزادی کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام پاکستان پارٹی کا ویژن ایک ایسے پاکستان کی تشکیل ہے جہاں تمام شہریوں کو مذہب، مسلک، زبان یا کسی بھی امتیاز سے بالاتر ہو کر مساوی حقوق، مواقع اور تحفظ حاصل ہو۔
چوہدری انعام ظفر اور حافظ عثمان عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایک برابری، مساوی مواقع اور قانون کی حکمرانی پر مبنی پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جہاں اقلیتوں کو محض اقلیت نہیں بلکہ پاکستان کے برابر اور باعزت شہری سمجھا جائے۔ معاشی، سیاسی اور سماجی میدانوں میں اقلیتی برادریوں کی مؤثر شرکت کو یقینی بنانا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تصورِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی اقلیتی دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کو ایک پرامن، جمہوری، ترقی یافتہ اور سب کے لیے مساوی ملک بنایا جائے۔دونوں رہنماؤں نے ملک بھر کی اقلیتی برادریوں کو قومی اقلیتی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہر شہری کا کردار برابر اہمیت رکھتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





