قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نظم و ضبط اور احتساب کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ہیومن ریسورس مینجمنٹ برانچ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے معاملے پر سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد کو معطل کر دیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد کے خلاف سرکاری ملازمین کی کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد 2020 کے قاعدہ 5(1) کے تحت معطلی کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ معطلی کے بعد مذکورہ سکیورٹی اسسٹنٹ کو فوری طور پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ہیومن ریسورس مینجمنٹ برانچ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ادارہ نظم و ضبط، شفافیت، احتساب اور سرکاری قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔





