ایف سکس میں وزارت داخلہ کا جدید خدمت مرکز زیر تعمیر، تمام عوامی سہولتیں ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی اداروں کی خدمات ایک ہی مرکز سے فراہم کی جائیں گی، وزیر داخلہ محسن نقوی کا زیر تعمیر خدمت مرکز کا دورہ

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سکس اسلام آباد میں زیر تعمیر وزارت داخلہ کے پہلے جدید خدمت مرکز کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ کو خدمت مرکز کے منصوبے، تعمیراتی پیش رفت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرکے جلد از جلد فعال کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ جس قدر جلد ممکن ہو خدمت مرکز کو فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولتوں کے حصول کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ جدید خدمت مرکز میں لائسنسز، این او سیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور وزارت داخلہ کے زیر انتظام دیگر تمام عوامی سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔ خدمت مرکز میں جدید عوامی رابطہ ہال، سروس کاؤنٹرز اور کشادہ انتظار گاہ بھی قائم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خدمت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تیز، آسان اور باوقار سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔ جدید، مربوط اور عوام دوست خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سکس کا خدمت مرکز ایک ماڈل منصوبہ ہے اور اس کی کامیابی کے بعد دیگر شہروں میں بھی عوام کی سہولت کے لیے ایسے خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کی تعمیراتی رفتار اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔