سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی بطور مہمان خصوصی شرکت، طلبہ کو تعلیم اور کردار سازی پر توجہ دینے کی تلقین
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) سینیٹ کے چیف وہپ اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سرکاری گرلز ڈگری کالج کریم آباد، ہنزہ میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پروقار پرچم کشائی سے ہوا، قومی پرچم لہرائے جانے کے موقع پر کالج میں موجود طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ نے قومی جذبے اور جوش و خروش کا بھرپور اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حصولِ تعلیم کے ساتھ ساتھ مضبوط کردار سازی پر توجہ دیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
تقریب میں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی اور یومِ آزادی کو قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پودا بھی لگایا اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔





