ریاض میں سفارتخانہ پاکستان میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

سفیر احمد فاروق نے افواجِ پاکستان کے افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بھرپور شرکت

ریاض(محمد افضل) سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان احمد فاروق، افواجِ پاکستان کے افسران، سفارتی حکام اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ سفیر پاکستان احمد فاروق نے افواجِ پاکستان کے افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور وطنِ عزیز سے اپنی محبت و وابستگی کا اظہار کیا۔

تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سعودی عرب میں رہتے ہوئے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یومِ آزادی کی یہ پروقار تقریب دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کے اظہار کا خوبصورت مظہر بن گئی۔