کہوٹہ (راجہ عثمان علی) تحصیل کہوٹہ میں 79واں جشنِ آزادی پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے اور شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی اداروں، سکولوں اور کالجز میں تقریبات، پرچم کشائی، ریلیوں، تقاریر اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیری گل نے مختلف تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔جشنِ آزادی کی مرکزی تقریبات کا آغاز کلب لائن کہوٹہ میں پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد تمام سرکاری محکموں کی جانب سے شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تحصیلدار، گرداور، ریسکیو 1122 کہوٹہ، پیرا فورس، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی کہوٹہ سٹی، سٹی ٹریفک پولیس، صاف ستھرا پنجاب، پنجاب پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیری گل نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کہوٹہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی، ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں 14 اگست کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی پرچم بھی تقسیم کیےگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن کہوٹہ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات نے ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے یومِ آزادی کی اہمیت اور پاکستان کی جدوجہدِ آزادی پر روشنی ڈالی۔ طالبات کی شاندار پرفارمنس پر شرکاء نے بھرپور داد دی۔اسی طرح نجی میرج ہال میں سکول کی ننھی طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے، جن میں وطن سے محبت اور قیامِ پاکستان کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ تحصیل کہوٹہ کے مختلف علاقوں میں بھی جشنِ آزادی کے سلسلے میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ سکولوں، کالجز اور نجی میرج ہالز میں منعقدہ تقریبات نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیری گل نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، ہمیں اپنے وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار بھرپور ذمہ داری سے ادا کرنا چاہیے۔





