جعلی نیدرلینڈز ویزے پر سعودی عرب کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائیرپورٹ نے جعلی نیدرلینڈز ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی، سوات سے تعلق رکھنے والے مسافر کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن حکام نے 14 اگست کو سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران ائیر بلیو کی پرواز نمبر پی اے 270 سے سعودی عرب جانے والے مسافر کی سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی۔

جانچ کے دوران مسافر کے پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 18 پر لگا نیدرلینڈز کا وزٹ ویزا جعلی نکلا، جس پر حکام نے مسافر کو فوری طور پر آف لوڈ کردیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی ویزے کی موجودگی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے مسافر کے ممکنہ تعلق کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے۔ مسافر کے سفری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ وہ ماضی میں ملائیشیا، تھائی لینڈ اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کا سفر کرچکا ہے۔

حکام نے مسافر کا موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک جانچ اور مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کا مقصد جعلی ویزا فراہم کرنے والے عناصر اور مسافر کی ممکنہ سہولت کاری میں ملوث انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر افراد کا کردار معلوم کرنا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔