فرینکفرٹ ، جشنِ آزادی کے حوالے سےگرینڈ فیملی کلچرل اینڈ میوزیکل شوکا انعقاد

ٹیبلوز، ملی نغمے، ثقافتی سرگرمیاں، لائیو میوزک تقریب کی توجہ کا خاص مرکز رہے
فرینکفرٹ (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچرل سوسائٹی فرینکفرٹ کے زیرِ اہتمام گرینڈ فیملی جشنِ آزادی کلچرل اینڈ میوزیکل شو 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں فرینکفرٹ اور گردونواح سے تقریباً پانچ سو پاکستانی مرد و خواتین، بچوں اور فیملیز نے بھرپور شرکت کی۔پاکستانی پرچموں، ملی نغموں اور قومی رنگوں سے سجی اس تقریب میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاک جرمن دوستی کا خوبصورت اظہار دیکھنے میں آیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی قائم مقام قونصل جنرل پاکستان فرینکفرٹ فہد الرحمن تھے، جبکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر آمنہ نعیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ بچوں نے علامہ محمد اقبال کی معروف دعا لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری” بھی پیش کی۔قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمن نے بچوں اور دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا، جس کے بعد پورا ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تقریب کی نظامت راجا اظہر کیانی، ماہم امتیاز اور زاہد چوہدری نے کی۔بچوں نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ تقریب میں بچوں، خواتین اور بڑوں کے لیے متعدد دلچسپ اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔ پروگرام میں میوزیکل چیئر، مزاج آشنائی، گانا پہچانو، شوقیہ گلوکاری، سوال و جواب، فوری انعامات اور دیگر دلچسپ مقابلے شامل تھے۔تقریب میں بچوں اور بڑوں کے لیے متعدد انعامات بھی رکھے گئے تھے۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد دو خوش نصیب فاتحین نے یہ بڑے انعامات اپنے نام کیے۔ دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے والے شرکاء کو بھی مختلف تحائف جبکہ بچوں کو ٹرافیاں پیش کی گئیں۔مہمانِ خصوصی قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمن نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے قومی دن بھرپور جوش و جذبے سے منانے کو سراہا۔ انہوں نے نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی اقدار سے جوڑے رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔تقریب میں شریک ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر آمنہ نعیم اور دیگر مہمانوں نے پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت اور فیملیز و بچوں کے جوش و جذبے کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی ہیں بلکہ جرمنی میں پروان چڑھنے والی نئی نسل کو اپنی زبان، ثقافت، روایات اور قومی شناخت سے روشناس کرانے کا مؤثر ذریعہ بھی بنتی ہیں۔تقریب کے اختتامی مرحلے میں اسپین کے شہر مالاگا سے خصوصی طور پر تشریف لائے گلوکار و موسیقار سعید خان نے لائیو میوزک، صوفی کلام، پنجابی بھنگڑا اور مختلف پاکستانی زبانوں میں گیت پیش کیے۔منتظمین نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ، اسپانسرز، تعاون کرنے والی شخصیات، میڈیا نمائندگان، رضاکاروں اور بالخصوص پاکستانی فیملیز کا شکریہ ادا کیا، جن کی بھرپور شرکت اور تعاون سے تقریب کامیاب ہوئی۔منتظمین کا کہنا تھا کہ پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچرل سوسائٹی مستقبل میں بھی ایسے فیملی، ثقافتی اور قومی پروگراموں کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت اور قومی شناخت سے وابستہ رکھنے کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔