اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ ہم کارکن نہیں لیڈر تیار کرتے ہیں۔ ہمارے ملک کو ایسا لیڈر چاہیے جس کا ویژن اتنا اعلی سطح کا ہو جس میں وہ صلاحیت بھی ہو جو یہ ملک مانگتا ہے ایسا نہ ہو کہ لیڈر کا ویژن اور ہو اور قوم کا وژن کچھ اور ہو ہم یہ نہیں چاہتے ۔انہوں نے یہ باتیں مردان میں فیوچر لیڈر یوتھ پارلیمنٹ کی دعوت پر یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ چیئرمین سیو لائف فاؤنڈیشن حکیم خان اور یوتھ پارلیمنٹ کے صدر انجینئر عرفان خان کی خصوصی دعوت پر مردان میں یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان سے خطاب کرنے پہنچے تو خاقان وحید خواجہ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس کے زیر اہتمام فیوچر لیڈرز یوتھ اسمبلی دو گھنٹے سے زائد تک چیئرمین پاکستان عوامی قوت پارٹی نے خطاب کیا جس میں نوجوان قیادت اسمبلی کے ارکان ۔ پارلیمنٹ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سوالات اور جوابات کا سیشن بھی ہوا ۔یوتھ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل طاقت اور سرمایہ کسی بھی ملک کا یوتھ ہی ہوتا ہے ہمیں اپنے یوتھ پر فخر اور بھروسہ ہے۔ ہم کوئی مایوسی کی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی قوت پارٹی نے اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سارے کام کیے ہیں۔ خاص طور پر صحت۔ ای کامرس۔ روزگار اور فنی تعلیم کے میدان میں ہم نے ڈلیور کیا ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم وعدہ نہیں عمل کرتے ہیں اس موقع پر انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان اور طلبہ و طالبات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو 79 سال میں کوئی حقیقی نمائندہ نہیں ملا اور نہ ہی کوئی ایسا لیڈر ملا جس کا ویژن ہو۔ ہم اس ملک کی تقدیر کو بدلیں گے اور اپنے یوتھ کی تمام مایوسیوں کو ختم کریں گے۔ یوتھ ہمارا مستقبل ہے اور ہم اپنے مستقبل پہ ناز کرتے ہیں۔ فخر کرتے ہیں اور اسی یوتھ کے ذریعے ہم ملک پاکستان کو ترقی کی راہ پہ گامزن کریں گے۔





