12 ربیع الاول کے دن فول پروف سکیورٹی انتظامات، 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ ٹریفک پولیس افسران کااہم کردار ٹرانسپورٹروں کو متبادل راستہ دیا گیا
سکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو عارضی طور پر سیل کیا گیا۔ مختلف تھانوں کی موبائل گاڑیاں، اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی اور گشت کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔
اسلام آباد (رپورٹ: منصور ظفر، کرائم رپورٹر) 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کیے گئے۔ جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات رہے۔
ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے، جبکہ مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار موجود رہے۔
سکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے تمام اہم انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے، جبکہ جلوس میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی ہدایات پر جلوس کے روٹس اور ملحقہ علاقوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ جلوس کے راستوں پر واقع اہم عمارتوں کی چھتوں پر بھی سنائپرز تعینات کیے گئے تھے۔
مزید برآں، سکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو عارضی طور پر سیل کیا گیا۔ مختلف تھانوں کی موبائل گاڑیاں، پولیس کمانڈوز کی خصوصی ٹیمیں اور پٹرولنگ اسکواڈ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی اور گشت کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔پولیس حکام کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور اجتماعات کو پرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا، جبکہ تمام متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد پولیس نے 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مساجد، مذہبی اجتماعات اور مرکزی جلوس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے تھے۔ مرکزی جلوس جامع مسجد الرضا، جی سیون سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا دربار سخی محمود بادشاہ، آبپارہ میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے دوران اسلام آباد پولیس کے تین ہزار سے زائد افسران و جوانوں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ زونل ایس پیز،ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی، جبکہ سینئر پولیس افسران بھی مختلف مقامات اور جلوس کے راستوں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔جلوس اور مذہبی اجتماعات کے دوران SWATاور DELTAفورس کے کمانڈوز، سی ٹی ڈی، کیپیٹل پٹرول یونٹ، خواتین کمانڈوز، مسلح اور سادہ لباس پولیس افسران و جوانوں نے اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری اور مستعدی سے انجام دیے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے، جبکہ جلوس کے راستوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کی گئی، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مقررہ علاقوں کی مکمل سرچ اور سویپنگ بھی کی۔اسلام آباد پولیس کی مربوط حکمت عملی، مؤثر نگرانی اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس اور دیگر مذہبی اجتماعات پُرامن ماحول میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔اس موقع پر سینئر پولیس افسران نے شہریوں کے اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔





