مری (راجہ عثمان علی)ملک بھر کی طرح مری میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ بعد از نمازِ ظہر تحصیل مری کی 15 یونین کونسلوں کی میلاد کمیٹیوں پر مشتمل مرکزی جلوس جامع مسجد غوثیہ سے روانہ ہوا، جس کی قیادت مرکزی قائد سید وفا الحق بخاری، صدر جماعت اہلسنت میلاد و سیرت کمیٹی منیر احمد عباسی، خطیب جامعہ مسجد غوثیہ صاحبزادہ تسنیم سلطان چشتی، جنرل سیکرٹری جماعت اہلسنت ضلع راولپنڈی و خطیب جامعہ غوثیہ کشمیری سید رضا مصطفیٰ بخاری، محمود عباسی، ڈاکٹر ذکاء عباسی اور دیگر رہنماؤں نے کی۔مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا چنار چوک، تحصیل روڈ، لوئر بازار اور صدیق چوک سے گزرا، جہاں مقامی رہائشیوں نے شرکائے جلوس پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔جی پی او چوک پر مرکزی جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خطیبِ اعظم بری امام سید امتیاز حسین شاہ کاظمی نے کہا کہ یہ دنیا نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے صدقے میں قائم ہے، جبکہ ہمیں حاصل تمام دنیاوی عزتیں اور برکتیں بھی حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کا صدقہ ہیں۔اس موقع پر اسامہ اشفاق سرور، حسن اورنگزیب، ڈپٹی کمشنر مری ظہیر شیرازی اور اسسٹنٹ کمشنر مری ارشد اقبال سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ مرکزی جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور درود و سلام اور نعت خوانی سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔





