پشاور میں غیر ملکی شہریوں کو اغوا کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار، 4 مغوی بازیاب

 

گلبہار پولیس کی کارروائی، 3 نائجیرین شہریوں سمیت 4 مغوی بحفاظت بازیاب، ملزمان تاوان میں 25 ہزار امریکی ڈالر طلب کر رہے تھے

پشاور (خالد خان) تھانہ گلبہار پولیس نے افسران بالا کی خصوصی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں سمیت 4 افراد کو اغوا کرکے مکان میں محبوس رکھنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، جبکہ پولیس نے تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

ایس پی فقیر آباد ڈویژن علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں ڈی ایس پی گلبہار سرکل انعام اللہ اور ایس ایچ او تھانہ گلبہار اصغر علی نے لیڈیز پولیس اور دیگر نفری کے ہمراہ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے خفیہ اطلاع پر گلبہار نمبر 2 میں ایک مکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے 3 نائجیرین شہریوں اور ضلع خیبر کے ایک رہائشی کو بازیاب کرلیا گیا۔

بازیاب ہونے والے نائجیرین شہریوں کی شناخت اسٹن ولد نوان کواب، مائیکل ولد اسٹن اور جنتن ولد اسٹن جبکہ ضلع خیبر کے رہائشی کی شناخت نصرت خان ولد ارباب کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے کارروائی کے دوران واردات میں ملوث تین اغوا کاروں کو بھی گرفتار کرلیا، جن کی شناخت آصف محمود ولد عباس سکنہ شاہین بازار، عمر فاروق اور عثمان غنی پسران عتیق احمد ساکنان گلبہار کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مغویوں کو لاہور سے کھانے کی دعوت کے بہانے موٹروے کے راستے پشاور لائے اور گلبہار نمبر 2 میں واقع مکان کے گراؤنڈ فلور میں غیر قانونی طور پر محبوس کر رکھا تھا۔ ملزمان مغویوں کے ورثا سے 25 ہزار امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے، جبکہ رقم کی ادائیگی سے انکار پر مغویوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان پر مشتمل گروہ بین الاقوامی سطح پر آئس سمیت دیگر منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث ہے، جس کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو پستول اور متعدد کارتوس بھی برآمد کرلیے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔